تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 اپریل 2013
وقت اشاعت: 21:48

ترقیاتی منصوبوں کا ٹھیکہ غیر شفاف قرار، پرویز اشرف کیخلاف تحقیقات کا حکم

جیو نیوز - اسلام آباد … اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 51 گوجر خان میں اربوں روپے کے دو ترقیاتی منصوبوں کا ٹھیکہ غیر شفاف قرار دے کر کالعدم قرار دے دیا، چیئرمین نیب کو سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف، ان کے پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری ہاوٴسنگ اور پی ڈبلیو ڈی حکام کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا، پرویز اشرف کے صادق اور امین ہونے کا فیصلہ بھی اسی عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہوگا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بے قاعدگیاں سامنے آنے پر اربوں روپے کے ان منصوبوں کے خلاف پہلے حکم امتناعی جاری کیا تھا۔ عدالت نے سماعت مکمل کرنے کے بعد کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ راجا پرویز اشرف نے قواعدو ضوابط کے برخلاف این ایل سی کو ٹھیکہ دینے کا ڈائریکٹو جاری کیا، ان 2 ترقیاتی منصوبوں پر 5 ارب 76 کروڑ کی لاگت آنا تھی لیکن قواعد و ضوابط کے بر عکس ٹھیکہ این ایل سی کو دینے سے قومی خزانے سے 9 ارب 37 کروڑ سے زیادہ رقم خرچ ہوتی۔ عدالت نے تحریری فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کو بھیجتے ہوئے حکم دیا ہے کہ یہ فیصلہ این اے 51 گوجر خان کے ریٹرنگ افسر کو بھیجا جائے جو اس کی روشنی میں فیصلہ کریں کہ کیا راجا پرویز اشرف صادق اور امین کی اہلیت پر پورے اترتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کو بلیک میلنگ کیلئے استعمال کرنے پر درخواست گزار کمپنی کو بھی 20لاکھ روپے جرمانہ کرتے ہوئے رقم بیت المال میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ یہ رقم سوئٹ ہوم کے بچوں کی فلاح پر خرچ کی جائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.