4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 5:8
بھارت: سی بی آئی کا آئی ایس آئی کے بانی رکن کیلئے اعزاز کا اعلان
جیو نیوز - کراچی…محمد رفیق مانگٹ… بھارتی اخبار ”ہندوستان ٹائمز“ کے مطابق بھارت کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن( CBI) پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے بانی رکن کو بعد از مرگ اعزاز سے نوازے گی۔ برطانوی راج میں قائم خصوصی تحقیقاتی ادارے اسپیشل پولیس اسٹیبلشمنٹ جو بعد میں سی بی آئی میں تبدیل ہوا، اپنے پہلے سربراہ مرحوم خان بہادر قربان علی کواعزاز سے نواز رہی ہے، خان بہادر تقسیم ہند کے وقت1947کے بعد پاکستان ہجرت کرآئے۔ ایجنسی اپنی گولڈن جوبلی کو یاد گار بنانے کیلئے چھ اپریل کو نئی دہلی میں تقریب کا انعقاد کررہی ہے۔ سی بی آئی نے لاہور میں مقیم ان کے پوتے کو چھ اپریل کو تقریب میں مدعو کیا ہے تاکہ وہ ان کی جانب سے اس اعزاز کو قبول کرے۔بھارتی اخبار کہتا ہے کہ خان پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے بانی ارکان میں سے تھے۔سی بی آئی نے بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے خان کی فیملی کو نئی دہلی کے دورے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔بھارتی ایجنسی سی بی آئی 1963میں قائم ہوئی اور یکم اپریل کو اس کے قیام کے 50سال ہو گئے۔سی بی آئی نے غازی آباد میں قائم اپنی ٹریننگ آکیڈمی کے احاطے کا نام خان بہادر قربان علی کے نام پر رکھ دیا ہے۔ایجنسی اپنے دیگر سابق ڈائریکٹرز کو بھی اعزازات سے نوازے گی۔ ایس پی ای( نیانام سی بی آئی) دوسری عالمی جنگ کے دوران قائم کی گئی جس کا کام وار اینڈ سپلائی ڈیپارٹمنٹ میں کرپشن کی شکایات کی تحقیق کرنا تھا، اور اس ایجنسی کا ہیڈکوارٹر لاہور تھا۔خان وار ڈیپارٹمنٹ کے سپر نٹنڈنٹ تھے اور انہیں ایس پی ای کا چیف ایڈمنسٹریٹر بنایا گیا۔