4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:58
ہائیکورٹ نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کو کام کرنے سے روک دیا
جیو نیوز - لاہور…لاہور ہائی کورٹ نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف وتھرا کو کام کرنے سے روک دیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابات کے دوران تقرر و تبادلوں پر پابندی کے باوجود ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی الیکشن سے قبل دھاندلی کے مترادف ہے۔لاہورہائی کورٹ میں انتخابی امیدواروں پر آرٹیکل 62 اور 63 کے نفاذ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔جسٹس منصور علی شاہ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن نے سرکاری افسروں کے تقرر وتبادلوں پر پابندی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا جو ڈپٹی گورنر تعینات کیا گیا۔جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ صاف اور شفاف انتخابات کرائیں، اسمبلی میں کوئی غلط آدمی نہیں آنا چاہئے۔ الیکشن کمیشن واضح کرے کہ انتخابات کی شفافیت کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت سوموار تک ملتوی کر دی۔