4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:8
الیکشن غربت، لوڈشیڈنگ، دہشتگردی سے نجات کا موقع ہے، نوازشریف
جیو نیوز - لاہور … نوازشریف نے کہا ہے کہ 11 مئی کا الیکشن صرف حکومت بنانے کیلئے نہیں ہے، یہ انتخابات غربت، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہیں۔ لاہور میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ٹکٹ لینے کے خواہشمند امیدوارو ں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کراچی لہولہان ہوتا رہا اور حکمران اقتدار کی مصلحتوں کا شکار رہے، گزشتہ برسوں میں سبز پاسپورٹ اور سبز ہلالی پرچم بے وقار ہوتا رہا، ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی معمول بن گئی، ہمارے حکمران دکھاوے کے طور پر ڈرون حملوں کی مخالف کرتے رہے، ایبٹ آباد آپریشن کی تحقیقاتی رپورٹ تاحال منظرعام پر نہیں آئی، ملک مزید ایسے افرا دکا متحمل نہیں ہوسکتا جنہوں نے قوم کو اس حال تک پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 11 مئی کا الیکشن محض حکومت بنانے کیلئے نہیں ہے، یہ الیکشن غربت، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے ہے، 11مئی کا الیکشن قومی خود مختاری اور سلامتی کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے ہے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری مستقبل کی پارلیمانی پارٹی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوگی، اپنے دور حکومت میں ایسی پالیسیاں بنائیں کہ عملی میدان میں قدم رکھنے والے نوجوانوں کو ان کی محنت کا ثمر ملنا شروع ہوگیا، ہمارا مقصد ہے کہ ایسا ماحول تیار کریں کہ نوجوان پاکستان میں رہ کر سماجی اور معاشی تبدلیاں لائیں۔