4 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:38
جہارا پہلوان کی بیوہ سائرہ بانو کا نواز شریف کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان
جیو نیوز - لاہور … گوگا پہلوان کی بیٹی، جہارا پہلوان کی بیوہ اور بیگم کلثوم نواز کی کزن سائرہ بانو نے پرویز مشرف کے ٹکٹ پر لاہور میں میاں نواز شریف کے مقابلے میں این اے 120 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں میاں نواز شریف کے مقابلے میں جہاں دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں وہیں جنرل (ر) پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کے ٹکٹ پر جہارا پہلوان کی بیوہ بھی امیدوار ہیں۔ بیگم کلثوم نواز کی کزن سائرہ بانو کا کہناہے کہ ان کے خاوند کی وفات کے بعد ان کے کسی رشتہ دار نے ان کی داد رسی نہیں کی۔سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاہم پرویز مشرف نے ان سے کہاہے کہ وہ لاہور آکر ان کی الیکشن مہم میں حصہ لیں گے۔ گوگا پہلوان کی بیٹی سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ انہیں کہا جارہا ہے کہ وہ جہارا پہلوان کا نام استعمال نہ کریں، لیکن وہ اپنے مرحوم شوہر کی بیوہ اور ان کے 4 بچوں کی ماں ہیں، ان کابیٹا بے روز گار ہے اور بیٹیوں کی شادی ہونے والی ہے۔