5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 15:49
مفادات کے مقابلے میں جیت ہمیشہ جنون کی ہوتی ہے،عمران خان
جیو نیوز - لاہور…تحریک انصاف کی چیئرمین عمران خا ن نے کہا ہے کہ پارٹی رضا کاروں کے جنون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ایک طرف ایک طبقہ باریاں لے رہاہے تودوسری طرف پاکستان کے نوجوان نئے پاکستان کافیصلہ کرچکے، پیسا کبھی جنون کوہرانہیں سکا۔لاہور میں تبدیلی رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کے جنون کی کوئی قیمت نہیں،جنون اورمفادات کے مقابلے میں جیت ہمیشہ جنون کی ہوتی ہے،پرانی سیاسی سوچ سمجھتی ہے کہ نوجوانوں کی قیمت لیپ ٹاپ ہے،نوجوان لیپ ٹاپ ضرورلیں کیونکہ یہ اُن کے پیسوں کاہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اکثریت عوام کے پاس نہ روٹی کیلیے پیسے ہیں نہ بچوں کی تعلیم کیلیے،بھیک مانگی جائے گی توبیرون ملک پاکستانیوں کی عزت کیسے ہوگی،اپنے لوگوں کی عزت نہ کرنے والی قوم کی کوئی عزت نہیں کرتا،40سال پہلے دبئی سے لوگ کراچی آتے تھے،آج یہاں سے دبئی جاتے ہیں،پاکستان کے اس حال کے ذمے دارہم خودہیں۔عمران خان نے کہاکہ پارٹی رضا کاروں نے ہی پاکستان کوبدلناہے،پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب آنے والاہے،اِس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے کی رونمائی بھی کی گئی۔