5 اپریل 2013
وقت اشاعت: 18:28
طالبعلم کیخلاف کارروائی پر اعلیٰ افسر کی مداخلت، پرنسپل کو استعفیٰ دینا پڑ گیا
جیو نیوز - مری … مری میں لارنس کالج کے پرنسپل کو طالب علم کے خلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پرکارروائی مہنگی پڑ گئی، کارروائی واپس نہ لینے پر اعلیٰ فوجی کی جانب سے پرنسپل پر دباوٴ ڈالا جارہا ہے، دباوٴ قبول نہ کرتے ہوئے لارنس کالج کے پرنسپل نے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق مری میں لارنس کالج کے پرنپسل نے ایک طالبعلم کے خلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پرکارروائی کی جس پر اس کا قریبی عزیز اعلیٰ فوجی افسر بیچ میں کود پڑا اور پرنسپل کو کارروائی سے روکنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے کسی بھی طرح کا دباوٴ قبول نہ کرتے ہوئے طالبعلم کو بحال کرنے سے انکار کیا اور اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے اعلیٰ فوجی افسر کے دباوٴ پر پرنسپل کا استعفیٰ منظور کرلیا جس پر لارنس کالج کے سیکڑوں طلباء نے احتجاج کیا جبکہ اساتذہ اور طلباء نے کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا ہے کہ لارنس کالج کے پرنسپل کے استعفے کی منظوری قانون کے مطابق ہے۔ استعفیٰ دینے والے پرنسپل کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام کو میرے استعفے کی وجہ معلوم ہے، آج جب لارنس کالج سے روانہ ہوا تو بچوں نے راستہ روک لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالب علموں سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی تعیم جاری رکھیں۔