6 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:19
ڈگریوں کی جانچ ختم کرنے کیلئے ، اسسٹنٹ کنٹرولر جامعہ پنجاب کو دھمکیاں
جیو نیوز - لاہور… امیدواروں کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے تو دوسری طرف پنجاب یونیورسٹی کے اسسٹنٹ کنٹرولرسر ٹیفکیٹ سید زبیر احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک شخص ڈگریوں کی جانچ پڑتال کا عمل ختم کرنے کیلئے انہیں ٹیلی فون پر دھمکیاں دے رہا ہے۔ اسسٹنٹ کنٹرولر سر ٹیفکیٹ سید زبیر احمد نے جیو نیوز کو بتایا کہ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جب سے شروع ہوا ہے انہیں مختلف ٹیلی فون نمبروں سے مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ نامعلوم شخص اس کی بات نہ ماننے کی صورت میں میرے بیوی بچوں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دیتا ہے ۔سید زبیر احمد کا کہنا ہے کہ وہ نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آربھی درج کرا چکے ہیں ، وہ ٹیلی فون ریکارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں جس کے مطابق ایک ہی شخص انہیں ہراساں کر رہا ہے ، سید زبیر احمد نے حکومت سے انہیں اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔