6 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:12
کوئٹہ اور کراچی میں فوج بلاسکتے ہیں، نگراں وزیر داخلہ
جیو نیوز - اسلام آباد…نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب خان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاوٴن اور کراچی کے حساس علاقوں میں فوج بلائی جا سکتی ہے۔ نگراں وزیرداخلہ سے ڈائریکٹرجنرل ملٹری آپریشنز نے ملاقات کی جس میں انتخابات کے دوران اور بعد میں سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات کے دوران انتہائی حساس علاقوں میں فوج کو کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تیار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ، ڈی جی ملٹری آپریشنز نے وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ سول انتظامیہ کی مکمل معاونت کی جائے گی ، ملاقات کے بعد جیونیوز سے گفتگو میں نگراں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہر فوجی کو ہر پولنگ اسٹیشن پر بٹھانا غیر پیشہ وارانہ سوچ ہے ، اگر پولنگ اسٹیشن پر کوئی واقعہ پیش آیا تو فوج کی بدنامی ہو گی ، الیکشن کمیشن کی تجویز پر جہاں ضرورت پڑی فوج بلائیں گے ، ملک حبیب خان نے کہا کہ سیاسی قائدین کے نجی محافظوں سمیت کوئی بھی اسلحے کی نمائش نہیں کرسکے گا ،نگراں وزیر داخلہ نے بتایا کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں کی فہرست ابھی موصول نہیں ہوئی ، انتخابات میں تاخیر سے متعلق سیاست دانوں کے خیالات ذاتی ہیں، مقررہ وقت میں انتخابات کرانے کا مینڈیٹ ملا ہے جس پر عمل کریں گے۔