7 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:43
جونیئراسنوکر چیمپئن شپ : ماجد علی کا فائنل تک پہنچنا اعزاز ہے،عالمگیر شیخ
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… پاکستانی کھلاڑی پانچ ماہ میں مسلسل تیسرے بڑے ایونٹ کے فائنل میں پہنچے ہیں، بدقسمتی سے محمد ماجد آخری فریم میں جیت کے قریب پہنچ کر ہار گئے، لیکن انہوں نے اپنے شاندار کھیل سے ملک کا نام سر فخر سے اونچا کردیا۔ تین بڑے عالمی ایونٹس کے فائنل میں پہنچنا ایسا کارنامہ ہے جو کروڑں روپے خرچ کرنے والے اور برسوں سے کھیلنے والے ممالک بھی انجام نہ دے سکے۔ ماجد کی وطن واپسی پر ان کے شان کے شایان استقبالیہ دیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار پاکستان اسنوکر فیڈریشن کے صدر عالمگیر شیخ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عالمگیر شیخ نے بتایا کہ جونیئرز انڈر 21 چیمپئن شپ کے فائنل میں ماجد علی کا پہنچنا پاکستان اسنوکر فیڈریشن کی کھلاڑیوں پر مسلسل محنت اور کاوشوں کا نتیجہ ہے، مستقبل کیلئے جونیئرز پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے، ملکی ایونٹس میں ٹورنامنٹس کی تعداد چار سے بڑھا کر پانچ کی جارہی ہے تاکہ سینئرز کے ساتھ جونیئرز کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع فراہم کرایا جائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ پریکٹس دلوائی جائے۔ ماجد علی بدقسمتی سے آخری فریم میں شکست کھا گئے بہرحال انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے، گزشتہ پانچ ماہ میں تین بڑے عالمی ایونٹس کے فائنل میں ہمارے کھلاڑی پہنچے جن میں ورلڈ چیمپئن شپ میں آصف نے فتح حاصل کی۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور حکومت سے بھی درخواست کریں گے کہ ماجد کو بڑی انعامی رقم دی جائے۔ واضح رہے کہ بھارت کے شہر اندور میں کھیلی جانے والی ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ کے بیسٹ آف الیون فائنل میں محمد ماجد علی نے سابق تھائی چیمپئن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ دونوں کے درمیان مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ ماجد نے ابتدائی دونوں فریمز جیت کر شاندار آغاز کیا اور 2-0 کی برتری حاصل کی۔ تاہم تھائی کھلاڑی نے اس موقع پر اپنے بھرپور تجربہ کا فائدہ اٹھایا اور مقابلہ جیت لیا۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں شرکت کے بعد پیر کی شام اندور سے کراچی پہنچے گی۔