9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:23
پاکستان کی عدالتوں سے انصاف کی پوری امید ہے،پر ویز مشرف
جیو نیوز - اسلام آباد…سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کی عدالتوں سے انصاف ملنے کی پوری امید ہے اور اگر وہ عدالت سے انصاف کی امید نہیں رکھیں گے تو کس سے رکھیں گے۔ایک برطانوی نشریاتی ادارے سے انٹرویو میں ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ انہیں ملک کی عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان سے انتخاب لڑنے کا حق نہیں چھینا جائے گا۔ سابق صدر نے کہا کہ انہیں ایک ہی وقت میں کئی محاذوں پر لڑنا پڑ رہا ہے۔ الیکشن لڑنا سب کا حق ہے تو میرا بھی حق ہے۔اسلام آباد اور کراچی سے کاغذات نامزدگی فارم منسوخ کیے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا، آئین کے آرٹیکل 62، 63 حساب سے تو ایسا کوئی بھی معاملہ نہیں بنتا کہ ان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے جائیں مگر پھر بھی یہ ہوا ہے تو انہوں نے اسے چیلنج کیا ہے۔اس سوال پر کہ عدالت نے ان کے پاکستان سے باہر جانے پر پابندی لگا دی ہے، تو کیا یہ انہیں قبول ہے، پرویز مشرف نے کہا،میں یہاں الیکشن لڑنے اور رہنے کے لیے آیا ہوں، اس لیے اگر مجھے باہر جانے سے منع کرنے کی بات ہے تو اس میں مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین معطل کر کے ہنگامی حالت کا نفاذ اور ججوں کو ہٹانے کا فیصلہ اس وقت کے ماحول کے مطابق صحیح فیصلہ تھا۔