9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 11:23
جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ رضوان گل کوجیل بھیج دیا گیا
جیو نیوز - لاہور…جعلی ڈگری کیس میں سزا کے بعد عدالت سے فرار ہونے والے مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی رضوان گل کو رضا کارانہ گرفتاری دینے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔ سرگودھا کی سیشن عدالت نے جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رضوان گل کو ایک ہفتے پہلے تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ فیصلے کے بعد رضوان گل سیشن کورٹ سے فرار ہوگئے تھے جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ آج رضوان گل گرفتاری دینے کے لئے ریلی کے ساتھ سیشن کورٹ روانہ ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ کہ اْن کی ڈگری جعلی نہیں ہے۔ اس سے قبل رضوان گل سیشن کورٹ پہنچے اور رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کی۔ عدالت نے انہیں ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا بھجوادیا۔ادھر ساہیوال میں مسلم لیگ ق کے سابق ایم پی اے ولایت شاہ کھگا ، بھکر میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے رشید اکبر نوانی اور سابق ایم پی اے سعید اکبر نوانی کے خلاف جعلی ڈگری کے مقدمات کی سماعت 11 مئی تک ملتوی کردی گئی ہے۔