9 اپریل 2013
وقت اشاعت: 19:43
منور حسن کی ڈاکٹر قدیر سے ملاقات،مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان
جیو نیوز - اسلام آباد… جماعت اسلامی اورتحریک تحفظ پاکستان نے عام انتخابات میں مشترکا امیدوار لانے کا اعلان کیا ہے۔ سید منور حسن کا کہنا ہے کہ الیکشن کے التواء کی سازش کی جا رہی ہے، نئے وزیر داخلہ کے آنے پر سکھ کا سانس لیا تھا کہ رحمان ملک سے جان چھوٹی، مگر آسمان سے گر اکھجور میں اٹکا والا معاملہ ہو گیا، نگراں وزیر داخلہ کو اپنے بیانات کی وضاحت کرنی چاہیئے۔ جماعت اسلامی کے امیرسید منور حسن نے تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس کے بعد اعلان کیا گیا کہ دونوں جماعتیں آئندہ عام انتخابات مل کر لڑیں گی۔ سید منور حسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابات کے التواء کی سازش کی جا رہی ہے، لاپتہ افراد، ٹارگٹ کلنگ اوراغواء برائے تاوان کے واقعات بڑھ رہے ہیں،جو ووٹرز کو الیکشن سے دور رکھنے کی کوشش ہیں، سردار اختر مینگل کے تحفظات پرفوری غور کیا جانا چاہیئے۔