تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 اپریل 2013
وقت اشاعت: 10:34

فخرالاسلام کے قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے،الطاف حسین

جیو نیوز - لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حیدرآباد میں پی ایس 47 سے ایم کیوایم کے امیدوار فخرالاسلام کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کو کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ کارروائی قراردیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ جو بزدل دہشت گرد یہ گھناؤنا عمل کرکے سمجھ رہے ہیں کہ وہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے حوصلوں کو پست کردیں گے انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ایم کیوایم 35 سالہ جدوجہد کے دوران آگ اور خون کے دریاعبور کرتی رہی ہے۔الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے امیدوارفخرالاسلام کے بہیمانہ قتل کا فوری نوٹس لیا جائے ، سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اور ایم کیوایم کے تمام نامزد امیدواروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ الطاف حسین نے کہافخرالاسلام کی شہادت سے مجھے دلی صدمہ پہنچا ہے اور تحریک ایک اور مخلص اور جانثار ساتھی سے محروم ہوگئی ہے لیکن انشاء اللہ حق پرست شہداء کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور سفاک قاتل اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ انہوں نے فخرالاسلام شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر شریک ہیں۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فخرالاسلا م شہید کے درجات بلند فرمائے ، شہیدکے تمام سوگوارلواحقین اورپی ایس 47، حیدرآباد کے تمام کارکنان وہمدردوں کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.