13 اپریل 2013
وقت اشاعت: 17:11
شریف برادران ،عمران خان کیخلاف اپیلیں ہائی کورٹ ارسال
جیو نیوز - لاہور…الیکشن کمیشن پنجاب نے نوازشریف،شہبازشریف اورعمران خان کیخلاف اپیلیں رجسٹرار ہائی کورٹ کوواپس بھجوادیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اپیلیں سماعت کیلئے کسی دوسرے ٹربیونل کو بھیجی جائیں۔الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی ٹکٹیں حاصل نہ کرنے والے افراد کو آزادامیدوارکی حیثیت سے الیکشن لڑنے کی اجازت بھی دے دی۔لاہور میں الیکشن ٹربیونل نے نواز شریف، شہباز شریف اور عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت سے معذرت کر لی۔الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور نے بتایا کہ اس سلسلے میں رجسٹرار ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تینوں رہنماوٴں کے خلاف 14 اپیلیں کسی اور ٹربیونل کو بھجوائیں اور انہیں 17 اپریل تک نمٹا دیا جائے۔الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پارٹی نشان صرف اس امیدوار کو ہی ملے گا جو ریٹرننگ افسر کو پارٹی ٹکٹ پیش کرے گا۔ جنہیں ٹکٹ نہ ملا وہ 18اپریل کوکاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔کاغذات واپس نہ لینے والے آزاد امیدوارتصورہوں گے،انہیں الگ انتخابی نشان الاٹ کیاجائے گا۔الیکشن کمشنر پنجاب محبوب انور کا کہنا تھا کہ قیدی سپرٹنڈنٹ جیل اور سرکاری ملازمین اپنے مجاز افسر کی وساطت سے اپنے حلقہ کے ریٹرننگ افسر کو درخواست بھیج کر پوسٹل بیلٹ حاصل کر سکتے ہیں۔پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے کی آخری تاریخ 25 اپریل ہے۔