15 اپریل 2013
وقت اشاعت: 16:34
مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی ف کے انتخابی منشور کا اعلان کردیا
جیو نیوز - اسلام آباد … مولانا فضل الرحمان نے جمعیت علمائے اسلام ف کے 15 نکاتی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو جائز مقام اور تعلیم کا حق دلوائیں گے اور ایسی خارجہ پالیسی بنائیں گے جن کا محور پاکستانی عوام ہوں گے۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد میں پارٹی کے 15 نکاتی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان فلاحی ریاست کی بجائے سیکیورٹی اسٹیٹ کا روپ دھار گیا ہے، اب احساس محرومی نہیں، ملک سے غلامی کے احساس کو ختم کرنا ہوگا، بلوچستان سمیت مقامی وسائل پر صوبوں کے عوام کو حق دلوائیں گے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی بہتر طرز حکمرانی کے تحت اداروں کو مستحکم، قانون کی حکمرانی اور نظام کی شفافیت کو یقینی بنائے گی، ملک میں امن کیلئے پالیسیوں میں تبدیلی اور معاملات طاقت کی بجائے مذاکرات سے حل کرنا ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کو معاشی تحفظ، صحت، تعلیم، ملازمت، کاروبار کے مواقع اور خواتین کی تمام شعبوں میں شرکت اور مردوں کے برابر مقام دلائیں گے۔ جے یو آئی ف کے منشور میں کہا گیا ہے کہ میٹرک تک تعلیم وعلاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے علاوہ عوام کی عدالتوں تک آسان رسائی اور عدالتی نظام میں مثبت تبدیلیاں لائی جائیں گی، جبکہ بلدیاتی نظام اور سیاسی مداخلت سے پاک انسداد بدعنوانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ تسلیم نہیں کرتے، اس سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا، چھوٹے ڈیم بناکر بجلی بنانے کے منصوبوں کی حمایت کرتے ہیں، عام انتخابات کے حوالے سے ملک بھر میں 600 امیدوار کھڑے کررہے ہیں۔