15 نومبر 2013
وقت اشاعت: 10:39
مقبوضہ کشمیر:یوم عاشور پر میرواعظ عمر فاروق گھر میں نظر بند
جیو نیوز - سری نگر…مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما میرواعظ عمرفاروق کو ان کے گھرمیں نظر بند کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کو سری نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ میں نظر بند کیا گیا ہے اور ان کے کہیں بھی باہر نکلنے پر پابندی عائد ہے۔میر واعظ عمر فاروق کو عاشورہ کے حوالے سے جامع مسجد میں جمعے کا خطبہ دینا تھا۔میر واعظ عمر فاروق کے ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے سری نگر کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو محرم کے جلوسوں میں شرکت سے روک دیا ہے اورانتظامیہ نے اہم شاہراہوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بلاک کردیا ہے۔