16 نومبر 2013
وقت اشاعت: 1:29
فلپائن میں تباہ کن طوفان کے بعد فسادات،کئی افراد ہلاک
جیو نیوز - منیلا…فلپائن سے ہیان طوفان تو آکر اور تباہی مچاکر چل دیالیکن روز بروز تباہی کی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔بھوک اور افلاس لوٹ مار اور پھر ماردھاڑ میں بدل رہی ہے۔ہیان طوفان کی تباہی دیکھنے والے فلپائن کے شہر ٹیکلوبان کے باسیوں کو اب ایک نئے طوفان کا سامنا ہے۔ہزاروں افراد کے مرجانے کے بعد بچ جانے والے بھی اب مر مر کر جی رہے ہیں۔ٹیکلوبان شہر میں ہر شے تتر بتر ہونے کے بعد متاثرین کو کھانے کے لالے پڑگئے ہیں۔بھوک اور پیاس مٹانے کے لیے متاثرین لوٹ مار پر اتر آئے ہیں۔اور یہی لوٹ مار، ماردھاڑ میں بدل گئی جس کے باعث کئی شہری ہلاک ہوگئے ۔ حالیہ طوفان میں مرنے والوں کی تعداد بھی 4 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ امدادی کاروائیاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔امریکا نے بھی بحری اسپتال فلپائن کی جانب بھیجنے کی تیاری کرلی ہے۔