16 نومبر 2013
وقت اشاعت: 23:47
سعودی دارالحکومت ریاض میں شدید بارشیں، نظام زندگی درہم برہم
جیو نیوز - ریاض…سعودی عرب کے مختلف شہروں میں کئی گھنٹوں سے جاری شدید بارشوں کے باعث نظام زندگی معطل ہوگیا ہے۔ سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔سعودی عرب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ رات کو شروع ہوا۔ سب زیادہ بارش دارالحکومت ریاض میں ہوئی جو جاری ہے۔ کئی گھنٹوں سے جاری شدید بارش کے نتیجے میں سڑکیں،انڈرپاس اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ درجنوں گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی ہوئی ہیں۔ ٹریفک پولیس ،بلدیاتی ادرے اور دیگر امدادی اداروں کے اہلکار بارش میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سعودی حکام کی جانب سے لوگوں کو نشیبی علاقوں میں جانے سے روک دیا گیا ہے اور آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سعودی محکمہ موسمیات نے تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہوئی تھی۔