23 نومبر 2013
وقت اشاعت: 1:20
سیکیورٹی معاہدہ 2014 ء میں کرنے کے بیان پر امریکا کرزئی سے ناراض
جیو نیوز - واشنگٹن…امریکا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی معاہدے پر دستخط میں افغانستان کے تاخیری حربوں سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ وہ اتحادیوں کے ساتھ تعلقات قائم رکھنے میں پْرعزم نہیں اورکابل کو ملنے والی معاشی اور عملی مدد کو بھی متاثرکرنے کے لیے تیار ہے۔امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ واشنگٹن اور کابل کے درمیان سیکیورٹی معاہدے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا ضروری ہے۔یہ بھی یاد دلانا ضروری ہے کہ امریکا اور افغانستان پچھلے برس اس معاہدے اور دستخط کی تاریخ پر مشترکہ طور پر راضی ہوگئے تھے۔ترجمان نے کہا کہ اس معاہدے میں مزید تاخیر مناسب نہیں ہوگی۔ادھرافغان صدر حامد کرزئی نے امریکی ڈیڈلائن ایک بار پھر مستردکردی ہے۔افغان صدارتی ترجمان کے مطابق صدرحامدکرزئی نے زور دیا ہے کہ امریکا آئندہ سال اپریل میں ہونے والے صدارتی انتخابات کا انتظار کرے۔ جبکہ کابل میں سیکیورٹی معاہدے پرغورکے لیے افغان حکومت اورعمائدین کا 4روزہ لویہ جرگہ جاری ہے۔