تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
25 نومبر 2013
وقت اشاعت: 1:31

ایٹمی سمجھوتے پر جلد عمل شروع کردیا جائیگا؛ ایران

جیو نیوز - تہران…ایران نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے پر عمل درآمد جلد شروع کر دیا جائے گا۔ ادھر امریکی کانگریس نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی اس پر سخت پابندیوں کو دعوت دے گی۔ ایران کے جوہری سمجھوتے پر پاکستان سمیت زیادہ تر ممالک نے خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم سعودی عرب، کینیڈا اور اسرائیل نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جنیوا سے واپسی پر ایرانی وزیر خارجہ محمد جاوید ظریف کاتہران ایر پورٹ پر پْرجوش استقبال کیا گیا۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے آج سے ہی کام شروع کردیاجائیگا۔دوسری جانب امریکی کانگریس نے ایران کو خبر دار کیا ہے کے معاہدے پرعمل درآمدمیں ناکامی کی صورت میں تہران کو پہلے سے بھی سخت اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ ایران سے جوہری معاہدے کا اصل مرحلہ اب شروع ہوگا جس میں معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے احتساب پرمبنی شفاف اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اس سے قبل ولیم ہیگ نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حتمی معاہدے میں ایران کومحدود مقدار میں امن مقاصد کے لیے یورینیم کی افزودگی کی اجازت دی جائے گی۔ ایران اورچھ عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے پر اسرائیل نے سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اس تاریخی معاہدے کو تاریخی غلطی قرار دیتے ہوئے ایران پر مزید اقتصادی پابندیوں کا مطالبہ کیاہے۔ان کا کہنا تھا کے اس معاہدے سے دنیا مزید غیر محفوظ جگہ بن گئی ہے۔کینیڈا کے وزیر خارجہ نے بھی اس معاہدے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا ایران پر لگائی گئی پابندیاں برقرار رکھے گا۔ سعودی عرب سمیت بعض خلیجی ممالک کو معاہدے پرتحفظات ہیں تاہم بحرین اور متحدہ عرب امارات نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے جوہر ی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیزآج ایران کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ایران کے دیگر پڑوسی ممالک میں شامل بھارت،ترکی، شام اور عراق نے بھی جوہری معاہدے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.