26 نومبر 2013
وقت اشاعت: 7:24
سخت موقف اور ہنگامہ کرنے سے امریکا محفوظ نہیں ہو سکتا، اوباما
جیو نیوز - سان فرنسسکو…امریکی صدر براک اوباما نے ایران کے جوہری پروگرام کے سمجھوتے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت موقف اختیار کرنے اور ہنگامہ کرنے سے امریکا محفوظ نہیں ہو سکتا۔براک اوباما نے سان فرانسسکو میں ایک تقریب سے خطاب میں مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے چیلنج اب بھی ہیں لیکن ہم سفارت کاری کے دروازے بند نہیں کر سکتے اور ہم دنیا کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرامن طریقوں کو پسِ پشت نہیں ڈال سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ہم تشدد کے ختم نہ ہونے والے دائرے میں نہیں پھنسنا چاہتے، شاید سیاسی طور پر سخت بات اور ہنگامہ کرنا آسان ہے لیکن یہ ہماری سلامتی کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔جنیوا میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان چھ ماہ کا ایک عبوری معاہدہ ہوا، معاہدے کو عمومی طور پر خوش آئند قرار دیا گیا، لیکن اسرائیلی وزیرِاعظم نے اسے تاریخی غلطی‘ کہا تھا۔ بعض امریکی سینیٹروں نے بھی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ اس میں ایران کے ساتھ زیادہ نرمی برتی گئی ہے۔