2 دسمبر 2013
وقت اشاعت: 2:27
تھائی لینڈ: حکومت مخالف مظاہرے، جھڑپوں میں 5 افراد ہلاک
جیو نیوز - بنکاک…تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی ہے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، مخالفین نے وزیراعظم کی موجودگی میں پولیس کمپاوٴنڈ پر دھاوا بول دیا۔ تھائی لینڈ کے دارلحکومت بینکاک میں ہزاروں حکومت مخالفین نے سرکاری عمارتوں کا گھیراوٴ کررکھا ہے۔ مظاہرین نے ایک سرکاری نشریاتی ادارے پر قبضہ کرلیا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر میں گھسنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی۔ وزیراعظم ینگ لک شناوترا کی پولیس اسپورٹس کلب موجودگی کی اطلاع پر مظاہرین نے وہاں دھاوا بول دیا تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انھیں باحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں دن بھر جاری رہیں۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراوٴ کیا اور پیٹرول بم پھینکے، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور آنسو گیس استعمال کی۔ پرتشدد واقعات میں گزشتہ روزسے اب تک پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ بینکاک میں شہریوں کو رات 10 سے صبح 5 تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم حکومت مخالف مظاہرین کا دھرنا جاری ہے۔