27 مارچ 2016
وقت اشاعت: 4:41
تائیوان میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی
جیو نیوز - تائی پے.........تائیوان میں زلزلے کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد اٹھائیس ہو گئی ، ریسکیو اور امدادی عملہ ایک بلڈنگ کے ملبے تلے دبے 128 افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ متعددافرادابھی تک لاپتہ ہیں۔
آخری اطلاعات تک دو سو افراد کو نکالا جا چکا ہے جبکہ پچاس افراد بغیر کسی مدد کے خود ہی اس ملبے سے نکل آئے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ ریسکیو اور امدادی عملہ ایک بلڈنگ کے ملبے تلے دبے 128 افراد کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ہفتے کے روز آنے والے اس زلزلے کے باعث جنوبی تائیوان کے شہر تاینان میں ایک سولہ منزلہ بڑی بلڈنگ بھی منہدم ہو گئی ، جس کے ملبے میں اب بھی کم ازکم ایک سو اٹھائیس افراد دبے ہوئے ہیں۔ اس بلڈنگ میں سو گھر تھے،حکام نے یہ بھی بتایا کہ اس بلڈنگ کے منہدم ہونے کے بارے میں حقائق جاننے کے لیے تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ایسی خبریں بھی ہیں کہ اس بلڈنگ میں مناسب حفاظتی انتظامات کا فقدان تھا۔ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ اس کی تعمیر کے دوران مروجہ قوانین کی خلاف وزری کی گئی تھی۔تاینان کے میئر ولیم لائی نے کہا کہ اگر اس بلڈنگ کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا تھا یا تعمیرات کے مروجہ قوانین کی خلاف ورزی کی گئی تھی تو باقاعدہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔