27 مارچ 2016
وقت اشاعت: 4:57
کم جونگ ان کی صلاحیت کا غلط انداز ہ نہ لگایا جائے ، ٹرمپ
جیو نیوز - واشنگٹن..........ریپبلکن کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ شمالی کوریا نوجوان سربراہ کم جونگ ان کی صلاحیت کا غلط انداز ہ نہ لگائیں ، وہ والد کی وفات کے بعدفوجی جنرلز کے ساتھ معاملات نمٹانے اور حالات قابو میں رکھنے پر تعریف کے حقدار ہیں ۔
ٹائمز آف انڈیا میں شائع خبر کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آپ سب کو ایک چیز کے لئے کم جونگ ان کو کریڈٹ دینا چاہیے کہ وہ نوجوان ہیں اور اس کے باوجود انھوں نے اپنے والد کی وفات کے بعد وہ ملک کاکنٹرول کامیابی سے اپنے ہاتھ میں لیا ۔لہذا ایسے شخص کی صلاحیتوں کے بارے میں کبھی بھی غلط اندازہ نہیں لگانا چاہیے ۔
تاہم ٹرمپ نے کہا کہ وہ ڈکٹیٹروں کو پسند نہیں کرتے اور یہ لوگ ایک قسم کے پاگل ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر سربراہ کی تعریف کی ہو ۔ وہ رواں سال جنوری میں لووا میں انتخابی مہم کے سلسلے میں نکالی گئی ایک ریلی میں بھی ’کم جونگ ان ‘کی تعریف کر چکے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کم جونگ ان ‘جس طرح اپنے سیاسی مخالفین کو سزائے موت دیتے ہیں سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ باس ہیں۔