تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
18 اپریل 2016
وقت اشاعت: 17:50

گوانتاناموجیل بند،قیدیوں کو نئی جیل منتقل کرنے کااعلان

جیو نیوز - واشنگٹن..........امریکی محکمہ دفاع نے گوانتانامو بے کے متنازعہ حراستی مرکز کی بندش کے حوالے سے اپنا ایک منصوبہ پیش کر دیا ہے، جس کے تحت وہاں موجود قیدیوں کو ایک دوسری جیل میں منتقل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اوباماانتظامیہ نے کہاہے کہ وہ اس سلسلے میں کانگریس کو راضی کرلینگے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اس سلسلے میں ایک نئی جیل کی تعمیر کے لیے 475 ملین ڈالر کے اعدادوشمار جمع کرائے ہیں۔ تاہم اس نئی تنصیب کے ذریعے گوانتانامو حراستی مرکز کے مقابلے میں 180 ملین ڈالر سالانہ کے اخراجات بچائے جا سکیں گے۔امریکی محکمہ دفاع کے مطابق اس منصوبے کے تحت گوانتانامو میں موجود 60 قیدیوں کو امریکا منتقل کیا جا سکے گا۔

تاہم اس سے قبل امریکی قانون ساز ایسی تمام کوششوں کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔امریکی ایوانِ نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ اور ریپبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے ریاست ٹیکساس کے سینیٹر میک تھورن بری کا کہناتھا کہ اس منصوبے سے متعلق تفصیلات کے لیے ایک سماعت ہو گی۔

جب کہ اوباما انتظامیہ سے کہہ دیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں تمام تفصیلات مہیا کریں کیوں کہ دوسری صورت میں یہ منصوبہ قابل قبول نہیں ہو گا۔حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت امریکا میں تیرہ مختلف مقامات پر ان قیدیوں کو منتقل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کولوراڈو، جنوبی کیرولینا اور کنساس کے علاقوں سمیت دیگر چھ فوجی اڈوں میں ایک خصوصی حراستی مرکز کی تعمیر سے متعلق تجاویز دی گئی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.