تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
22 اپریل 2016
وقت اشاعت: 12:40

جنگ بندی سے داعش پر توجہ مرکوز کی جاسکے گی،اوبامہ

جیو نیوز - واشنگٹن........امریکی صدر براک اوباما نے اپنی سکیورٹی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ داعش کو تمام محاذوں پر شکست سے دوچار کرنے کے لیے امریکا کی قیادت میں مہم کو آگے بڑھائے، شام میں مجوزہ جنگ بندی سے تنازعے کے سیاسی حل کی راہ ہموار ہوگی اور داعش کے خلاف جنگ پر توجہ مرکوز کی جاسکے گی۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی صدر نے یہ بات محکمہ خارجہ میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں کہی۔اجلاس میں داعش سے نمٹنے کیلئے مختلف امور پر غور کیا گیا۔صدر اوباما کو ان کے قومی سلامتی کے مشیروں نے داعش کے خلاف جنگ اور شام میں قیام امن کے ضمن میں کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

اجلاس میں وزیر خارجہ جان کیری ،وزیردفاع ایشٹن کارٹر ،اٹارنی جنرل لوریٹا لینچ اور دوسرے مشیر موجود تھے۔ صدر نے کہاکہ میں نے اپنی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ اس مہم کو تمام محاذوں پر تیز کیا جائے۔ہم خیال ممالک آگے بڑھ رہے ہیں اور وہ داعش کو شکست دینے کے لیے مزید امداد کی پیش کش کررہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ گذشتہ موسم گرما کے بعد سے داعش نے شام یا عراق میں کوئی ایک بھی بڑی کارروائی نہیں کی ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ ہفتے کے روز سے ہونے والی جنگ بندی سے یہ توقع نہیں کرتے کہ اس سے فوری طور پر خونریزی اور جنگی کارروائیاں رک جائیں گی۔

یہ جنگ بندی متحارب فریقوں کے لیے ایک امتحان ہے کہ آیا وہ ملک میں سیاسی انتقال اقتدار ،آزادانہ انتخابات کے انعقاد اور ایک نئے آئین کے لیے پْرعزم ہیں یا نہیں۔انھوں نے واضح کیا کہ شام کے مستقبل میں بشارالاسد کی بطور صدر کوئی جگہ نہیں ہوسکتی۔

انھوں نے کہا کہ لڑائی جاری رہے گی کیونکہ داعش ،النصرہ محاذ اور دوسرے گروپ مذاکرات کا حصہ نہیں ہیں۔روس اور اسد حکومت سمیت اس کے اتحادیوں سے کہتے ہیں کہ وہ سمجھوتے کے تحت اپنی ذمے داریوں کو پورا کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.