27 اپریل 2016
وقت اشاعت: 18:50
شام :اقوام متحدہ ٹاسک فورس کا اجلاس، جنگی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا
جیو نیوز - جنیوا.........شام میں اقوام متحدہ کے ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ،جس میں جنگی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا گیا۔ادھر سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ شام میں لڑائی کے واقعات کے باوجود مجموعی طور پر جنگ بندی پر عمل کیا جارہا ہے جبکہ روس نے خبردار کیا ہے کہ ترکی کی جانب سے شامی علاقے میں حملوں سے جنگ بندی ختم ہوسکتی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بان کی مون نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میں آپ کو یہ بتا سکتا ہوں کہ بعض واقعات کے باوجود مجموعی طور پر جنگی کارروائیاں رْکی ہوئی ہیں۔درایں اثناء اقوام متحدہ کے تحت شام ٹاسک فورس اپنے اجلاس میں خانہ جنگی کی خلاف ورزیوں سے متعلق الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔
ٹاسک فورس اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بڑھنے نہ پائے۔امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں طے شدہ جنگ بندی شام میں جاری ہے جبکہ اس دوران شامی حکومت اور حزب اختلاف دونوں کی جانب سے اس کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس منظرعام پر آئی ہیں۔