1 مئی 2016
وقت اشاعت: 23:12
ٹرمپ کو قتل کی دھمکی: مصری شہری کو امریکا بدر کیے جانیکا امکان
جیو نیوز - واشنگٹن.......... سماجی میل جول کی ویب سائٹ فیس بک پر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کی دھمکی دینے والے مصری شہری کو امریکا بدر کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 23سالہ مصری شہری کا نام عمادالدین السید ہے اور اس نے اپنے فیس بک پیج پر اسٹیٹس اپ لوڈ کیا تھا جس میں اس نے امریکی صدارتی دوڑ میں شامل امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔ عمادالدین کو 12 فروری کو امریکی سیکیورٹی اداروں نے حراست میں لیا تھا ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک عمادالدین کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔ دوسری جانب امریکی امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ عماد کے ویزے کی معیاد نہیں بڑھائی جائے گی اور اسے ملک بدر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مصری شہری عمادالدین کیلیفورنیا میں جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کر رہا ہے اور اس کی فیس بک پوسٹ کے بعد اس کی ضمانت اور جہاز اڑانے پر بھی پابندی عائد کر دی گی ہے۔