2 مئی 2016
وقت اشاعت: 3:47
یوکرین اور روس کا مشرقی یوکرین میں انتخابات کرانے پر اتفاق
جیو نیوز - پیرس......... فرانسیسی وزیر خارجہ جین مارک ارویٹ نے کہا ہے کہ یوکرین، روس، جرمنی اور فرانس نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مشرقی یو کرین میں جولائی کے آخر تک انتخابات منعقد ہونے چاہئیں۔
جمعہ کو عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ جین مارک اروئیٹ نے بتایا کہ یوکرین، روس، جرمنی اور فرانس کے وزراءخارجہ نے مشرقی یوکرین میں جولائی کے آخر تک انتخابات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے اور ہم نے اس ضمن میں انتخابی قانون منظور کرنے کی اہمیت پرزور دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاروں وزراءخارجہ نے ان تمام قیدیوں اور غیر قانونی طور پر گرفتار کئے گئے افراد کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے جن کو 30 اپریل سے لے کر اب تک گرفتار کیا گیا ہے۔
دریں اثنا جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے روس اور یوکرائن پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔ اشٹائن مائر کے بقول اس عدم تعاون کی وجہ سے مشرقی یوکرائن میں قیام امن کا عمل مشکلات کا شکار ہو رہا ہے۔ ان کے بقول روس اور یوکرائن کا ایک دوسرے کے ساتھ رویہ غیر اطمینان بخش ہے۔