3 مئی 2016
وقت اشاعت: 5:59
بھارتی انتہاپسندوں نے کنہیا کمار کے سر کی قیمت مقرر کردی
جیو نیوز - نئی دہلی...... بھارتی حکمران جماعت بی جے پی سمیت کئی ہندو انتہا پسند تنظیموں نے کشمیر سے متعلق سوال اٹھانے اور مبینہ طور پر آزادی کا نعرہ لگانے والے طالب علم کنہیا کمار کے سر کی قیمت مقرر کردی۔
اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ذیلی تنظیم بھارتی جنتا یووا مورچہ کے ضلعی صدر کلدیپ ورشنے نے اعلان کیاکہ جو کنہیا کمار کی زبان کاٹے گا، اسے 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ کلدیپ کا کہنا ہے کہ کنہیا نے آر ایس ایس ، بی جے پی اور نریندر مودی کی بے عزتی کی ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، اس لئے ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے انہوں نے کنہیا کی زبان کاٹنے پر انعام کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں ہندو انتہا پسند تنظیم پوروانچل سینا کی جانب سے ہندی میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ جو بھی کنہیا کمار کو قتل کرے گا، اسے 11 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ پوسٹر میں تنظیم کے سربراہ آدرش شرما کا نام اور اس کا موبائل نمبر بھی لکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کنہیا کمار پر کشمیری رہنما افضل گورو کی پھانسی کی برسی کے موقع پر ریلی کے انعقاد اور پاکستان زندہ باد نعرے لگانے کا الزام ہے۔