27 مارچ 2012
وقت اشاعت: 13:30
آرٹسٹ ہماری زندگیوں میں خوشی کے رنگ بکھیرتے ہیں ، میئر مسی ساگا
جیو نیوز - مسی ساگا، کینیڈا.... مسی ساگا کی میئر ہیزل میکلین نے کہا ہے کہ آرٹسٹ دنیا کے خوبصورت ترین لوگ ہوتے ہیں جو اپنے فن سے ہماری زندگیوں میں خوشی اور مسرتوں کے رنگ بکھیر کے اسے خوبصورت ترین بناتے ہیں۔وہ یہاں لیونگ آرٹس سینٹر مسی ساگا میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی کینیڈین مصور شاہد رسام کے فن پاروں کی نمائش کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔انہوں نے اس موقع پر شاہد رسام کے فن پاروں سے متاثر ہو کر ان سے مسی ساگا میں مستقل سکونت اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران شاہد رسام نے معروف ستار نواز انور خورشید کی ستارپر بجائی جانے والی دھن پر جو پینٹنگ تخلیق کی اسے بعدازاں سک کڈز فاؤنڈیشن کو عطیہ کر دیا گیا۔قبل ازیں ساؤتھ ایشین گیلری آف آرٹ کے ڈائریکٹر علی عادل خان نے شاہد رسام کے فن مصوری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہد رسام اپنے برش سے کینوس پر صوفی ازم اور موجودہ حالات میں انسانی زندگی پر جبر ، قید و بند اور انسانی رویوں کو نہایت خوبصورت انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔