24 جولائی 2012
وقت اشاعت: 7:8
اردن پہنچنے والے شامی پناہ گزینوں کیلئے بستی بسانے کا کام تیز
جیو نیوز - اردن. .. . . اردن پہنچنے والے شامی پناہ گزینوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کے بعدملک میں شامی پناہ گزینوں کے لیے مزیدنو ہزار خیموں پر مشتمل بستی بسانے کا کام تیزکردیا۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ علی بیبنی نے العربیہ کو بتایا کہ انہوں نے عمان میں سرحد کے ساتھ لگائے گئے "الزعتری" مہاجر کیمپ میں مزید نو ہزار خیمے نصب کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس کیمپ میں چار سو پانچ خیمے نصب کیے گئے تھے اور مزید خیمے لگانے کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے۔گذشتہ برس مارچ سے اب تک اردن پہنچنے والے پناہ گزینوں کی تعداد 35500 رجسٹرڈ کی جا چکی ہے اور اس تعداد میں دن رات اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الزعتری کیمپ باون ہزار ایکڑ رقبے پر بنایا گیا ہے جس میں ایک لاکھ تیس ہزار افراد کے قیام کی گنجائش ہے۔