30 جولائی 2012
وقت اشاعت: 7:4
بش دورمیں کابل کے اسپتال میں افغان مریضوں کے ساتھ بدترین سلوک کا انکشاف
جیو نیوز - کابل…افغانستان میں امریکی امداد سے چلنے والے فوجی اسپتال میں سنگین بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں،مریضوں کو جنگی کیمپ سے بھی زیادہ برے حالات میں رکھا گیادیکھ بھال نہ ہونے سے متعدد افراد کے زخم بگڑ گئے اور کئی بیمار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔امریکی کانگریس کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کابل کے داوٴد ملٹری اسپتال میں مریضوں کے علاج میں مجرمانہ غفلت برتی گئی،مریضوں کو کئی کئی دن فاقے کرائے جاتے تھے کئی مریض ناکافی غذا کی وجہ سے موت کے دہانے پر پہنچ گئے۔زخمیوں کی دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ان کے زخم خراب ہوگئے اور متعدد افراد کے اعضا کاٹنے پڑے۔مریضوں کے کئی کئی دن تک آپریشن نہیں کیے گئے جب کہ ایک مریض کا بے ہوش کیے بغیر آپریشن کر دیا گیا۔رپورٹ کے ساتھ جاری کردہ تصاویر اتنی خوفناک ہیں کہ انھیں ٹی وی پر پیش نہیں کیا جاسکتا۔افغانستان میں امریکی فوج کے تین کرنلوں نے مریضوں سے ناروا سلوک کی حلفیہ شہادت دی ہے۔