31 جولائی 2012
وقت اشاعت: 9:10
شام: حلب میں جھڑپیں جاری، 41افراد ہلاک
جیو نیوز - دمشق… شام کے شہر حلب میں تیسرے روز بھی جھڑپیں جاری رہیں۔ گزشتہ روز ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں میں 41 افراد ہلاک ہو گئے ۔ شام کے معاشی دارالحکومت حلب میں سرکاری فوج نے ڈسٹرکٹ صلاح الدین سے مزاحمت کاروں کو نکالنے کے لیے گن شپ ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا۔ سرکاری فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے حلب کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے جبکہ فری سیرین آرمی نے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے 35 سے 40 فیصد علاقے پر ان کا قبضہ برقرار ہے ۔ جھڑپوں کے باعث حلب سے تقریبا دو لاکھ افراد نقل مکانی کرچکے ہیں جس پر اقوام متحدہ نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑا انسانی سانحہ پیش آسکتا ہے۔۔فرانس نے کہا ہے کہ وہ شام کی صورت حال پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کامطالبہ کرے گا۔