1 اگست 2012
وقت اشاعت: 16:27
امریکی وزیر دفاع کی مصری صدرسے ملاقات
جیو نیوز - قاہرہ… امریکی وزیردفاع لیون پنیٹا نے قاہرہ میں مصر کے صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے ملاقات کی ہے اور انھیں مصر میں جمہوری حکومت کے قیام اور اس کے استحکام کے لیے امریکا کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔امریکی وزیردفاع نے قاہرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امر یکہ مصر میں جمہوری نظام حکومت کے قیام کے لیے بھرپور حمایت کرتا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ شفاف ،پرامن اور آزادانہ انتخابات کی نگرانی میں فیلڈ مارشل طنطاوی کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔میں انھیں اور مسلح افواج کی سپریم کونسل کے اس تمام عمل میں مثبت کردار کو سراہتا ہوں ۔انہوں نے مصر میں ایک وسیع البنیاد اتحاد کی ضرورت پر زوردیا جو ان کے بہ قول مصر میں حکومت کی کامیابی کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔انھوں نے کہا کہ محمد مرسی تمام مصر کے صدر ہیں اور وہ مصر میں جمہوری اصلاحات کے نفاذ کے لیے پرعزم ہیں۔انھوں نے اس نقطہ نظر کا اظہار کیا کہ ان کے خیال میں صدر محمد مرسی اور فیلڈ مارشل طنطاوی کے درمیان اچھے تعلقات کار قائم ہیں اور وہ دونوں ایک ہی جیسے مقاصد کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے امریکا اور مصر کے درمیان مضبوط فوجی تعاون کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ مصر کے استحکام کے لیے اس کی سکیورٹی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ہم مصرکی فوجی قیادت کو امداد مہیا کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔