2 اگست 2012
وقت اشاعت: 9:41
سی آئی اے شام کے باغیوں کی خفیہ مدد کرے گی،رپورٹ
جیو نیوز - نیویارک… امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں حکومت مخالفین کی مددکے لیے امریکی سی آئی اے خفیہ آپریشن کرے گی ۔ امریکی میڈیا نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر بارک اوباما نے شام میں بشار الاسد کے خلاف لڑنے والی تنظیموں کی مددکے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر اوباما نے ایک خفیہ دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس میں سی آئی اے کو شام میں خفیہ آپریشن کی منظوری دی گئی ہے۔ وائٹ ہاوٴس نے خبر پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کیا ہے۔ امریکی حکومت اس سے پہلے کہہ چکی ہے کہ اس نے شام میں حکومت مخالفین کو میڈیکل اور کمیونیکشن امداد کی پیش کش کرچکی ہے تاہم اوباما انتظامیہ نے کہا تھا کہ وہ بشارا لاسد کے مخالفین کو اسلحہ فراہم نہیں کرے گی کیونکہ اس سے شام کا مسئلہ زیادہ بگڑ جائے گا۔