4 اگست 2012
وقت اشاعت: 5:47
کرپشن الزامات،منگولیا میں سابق صدر،فیجی میں سابق وزیراعظم کوسزا
جیو نیوز - الان بیٹر / سووا … منگولیا کی ایک عدالت نے سابق صدر نیمبراینخبیار کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر قید کی سزا سنائی ہے جبکہ انہوں نے اِن الزامات کو سیاسی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب فجی کے سابق وزیراعظم لیسنیا کراسے، جو ملک میں انقلاب سے قبل آخری جمہوری منتخب سربراہ تھے، کو جمعہ کو بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر سزائے قید سنائی ہے۔ منگولیا کے سابق صدر نیمبراینخبیار 4 جبکہ سال جبکہ فجی کے لیسنیا کراسے 12 ماہ جیل میں گزاریں گے۔ تفصیلات کے مطابق 54 سالہ اینخبیار پہلے وزیراعظم اور بعد ازاں 2009ء میں عہدے سے محرومی تک صدر رہے ، انہیں اپریل میں علی الصبح ایک چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا جسے قومی ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کیا گیا۔ جمعرات کو منگولیا کی ایک عدالت میں ان پر ایک عبادت گاہ کے لئے ملنے والے تحائف میں ہیرا پھیری کا الزام ثابت ہوا جبکہ قومی ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر ہونی والی اس سماعت کے دوران انہیں بدعنوانی کے دیگر الزامات بھی مجرم قرار دیا گیا۔عدالت نے انہیں سات سال سزا سنائی لیکن استثنیٰ کے ایک قانون کے باعث اس میں تین سال کمی کردی گئی۔اینخبیار ، جنہیں منگولیا میں جون میں ہونیوالے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا ، اِن الزامات کو ”بے بنیاد“ قرار دیا ہے۔ اینخبیار نے جرح کے دوران کہا”میں صدر، وزیراعظم اور پارلیمان کے اسپیکر کے عہدے پر رہا ہوں ، میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ مجھے پر بے بنیاد الزامات لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس فیصلے کیخلاف اپیل کریں گے۔ دوسری جاب فجی کے سابق وزیراعظم لیسنیا کراسے، جو ملک میں انقلاب سے قبل آخری جمہوری منتخب سربراہ تھے ،کو جمعہ کو بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر 12ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔کراسے ، جو 2000ء میں وزیراعظم بنے اور چھ سال بعد فوجی انقلاب کے نتیجے میں برطرف کیے گئے ان پر اپنے عہدے کے ناجائز استعمال اور 1990ء کے عرصے کے دوران سرکاری ملازم کی حیثیت سے فرائض کی بجاآوری میں ناکامی کے 9 الزامات ثابت ہوئے۔ یہ الزامات حکومتی سرمایہ کار کمپنی فجین ہولڈنگز نے 1992ء سے 1995ء کے درمیان ڈائریکٹر کے طور کے حوالے سے لگائے گئے جس کے بارے میں پراسیکیوٹرز نے کہاکہ انہوں نے اپنے خاندان اور علاقے کے مفادات کا خیال رکھا۔