26 اگست 2012
وقت اشاعت: 9:37
سربیا کے جنگلات میں لگی آگ پھیلنے لگی ، ہزاروں افراد کی نقل مکانی
جیو نیوز - بلغراد…یورپی ملک سربیا کے جنگلات میں لگی آگ پھیلتی چلی جارہی ہے،خطرے کے پیش نظر قریبی آبادی کے ہزاروں مکینوں محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔مغربی بلقان کے جنگلوں میں لگنے والی آگ اتنی شدید ہے کہ علاقے کی پوری فضا دہکتی ہوئی محسوس ہوتی ہے اور شعلے میلوں دور تک دکھائی دے رہے ہیں،قریب واقع تین گاوٴں مکمل خالی کرالیے گئے ہیں، فائربریگیڈ کے درجنوں اہلکار کئی دنوں سے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ان کے علاوہ سربیا کی فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے،آگ بجھانے کی کارروائی میں روس کا ایک ہیلی کاپٹر اورایک طیارہ بھی حصہ لے رہا ہے،سربیا کی حکومت نے روس سے مزید طیارے بھیجنے کی درخواست کی ہے۔آگ سے پڑوسی ملک بوسنیا کے جنگل بھی متاثر ہونا شروع ہوگئے ہیں،جہاں یورپی یونین کی امن فوج کے اہل کار آگ بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔