2 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 12:56
مصری صدر کے قتل پر اکسانے پرٹی وی اینکر کیخلاف مقدمہ
جیو نیوز - قاہرہ…مصر کے ایک مقبول ٹی وی اینکر کو اپنے پروگرام کے دوران صدر محمد مرسی کے قتل پر لوگوں کو اُکسانے اور ان کے قتل کو جائز قرار دینے پر مقدمے کا سامنا ہے۔ مصری ٹی وی کے ایک پروگرام ” سب فرعون“ کے اینکر توفیق عکاشہ گذشتہ روز عدالت میں پیش ہوئے۔ اُن پر جولائی اور اگست کے دوران اپنے ٹی وی پروگراموں کے دوران مصر میں اخوان المسلمون کی نئی حکومت اور ان کے نئے صدر محمد مرسی کے خلاف انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے اُنہیں جھوٹا اور دھوکے باز قرار دیا تھا۔ توفیق عکاشہ نے اپنے پروگرام میں کہا تھا کہ وہ اعلان کرتے ہیں کہ محمد مرسی کا قتل جائز ہے۔ اگر محمد مرسی نے خود کو کنٹرول نہیں کیا تو وہ ہر طرف آگ لگا دیں گے۔ تاہم عدالت میں توفیق کا کہنا ہے کہ ُان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔