12 فروری 2016
وقت اشاعت: 22:57
کراچی میں پھرتے،انگریزی بولتے شخص کیلئے نوکری کا اعلان
کراچی......کچھ لوگ جیسے نظر آتے ہیں ویسے ہوتے نہیں!زمانے کی ستم ظریفی کے شکار پھرتے انگریزی بولتے شخص کی ویڈیو انٹرنیٹ پرمقبول ہوگئی،جس کے بعد اس کیلئے نوکری کا اعلان بھی سامنے آگیا۔
شہر کی ان گلیوں میں لوگ اپنے ساتھ کیسی کیسی کہانیاں لیے پھرتے ہیں۔ کراچی میں ایک شخص ایسا سامنے آیا ہے جو سڑکوں پر آوارہ پھرتا ہے اور بات کرتا ہے انگریزی میں، پراسرارشخص نے زندگی کے نشیب وفرازکے ساتھ اپنے اندر چھپے درد کو بھی بیان کیا ۔
اس سے عمر پوچھی گئی تو اس نے موقع کی مناسبت سے ایک مشہور انگریزی گیت کے بول دہرا دیے۔اس شخص کو سڑکوں پر گھومتے ہوئے اداکار احسن خان نے دریافت کیا اور اس کی ویڈیو بنا لی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
کبھی اس شخص کا بھی ایک خاندان تھا، ایک بیوی اور 7بچے تھے] پھر ایک حادثہ ہوا اور یہ شخص خود کہانی بن گیا۔ایسی حالت میں بھی اس بزرگ کی خواہش ہے کہ وہ خود کما کر کھائے۔
اس کی ویڈیو مقبول ہونے کے بعد اس کے لیے نوکری کا اعلان سامنے آیا ہے، خدا کرے کہ یہ بزرگ پورے وقار کے ساتھ اپنی زندگی پوری کرے۔