تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
14 فروری 2016
وقت اشاعت: 10:38

قیمتی مال کی برآمدگی،ممبئی پولیس نے چور کو زبردستی 48کیلے کھلا دیئے

کراچی.....رفیق مانگٹ....ممبئی پولیس نے قیمتی مال کی برآمدگی کےلئے ایک چور کو کیلوں سے بھری ٹوکری کھلادی۔یہ واقعہ ممبئی کے پنت نگر پولیس اسٹیشن میں پیش آیا جہاں ایک چور نے سونے کی چین چھین کر نگل لی، پولیس نے چور کو زبردستی48کیلے کھلا دیئے تاکہ اس کے پیٹ سے یہ چین نکالی جاسکے۔

ممبئی کے مشرقی مضافات میں گھاٹ کوپر کے علاقے مچھلی مارکیٹ میں ایک چور راہ گیر خاتون سے 25گرام سونے کی چین چھین کر فرار ہو گیا۔خاتون کے شور مچانے پر علاقہ مکینوں نے چور کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔اس کے بعد زخمی ملزم کوپولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس ملزم کونزدیکی اسپتال لے گئی جہاں ایکسرے رپورٹ میں اس کے پیٹ میں کسی دھاتی چیز کی موجودگی بتائی گئی۔

پولیس نے ملزم کا ایک اور ایکسرے کرایا تو واضح ہوگیا کہ اس کے پیٹ میں دھاتی چیز وہی چھینی ہوئی سونے کی چین ہے جو اس نے گرفتاری کے خوف سے نگل لی تھی۔ متاثرہ خاتون نے ابھی تک کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔

پولیس نے ایک ٹوکری کیلوں کی منگوائی اور ملزم کو حکم دیا کہ ٹوائلٹ جانے کی ضرورت محسوس ہونے تک وہ کیلے کھاتا رہے۔ جب ملزم کو رفع حاجت ہوئی تو چار پولیس اہلکار اسے ٹوائلٹ لے گئے جہاں آخر کار انہوں نے سونے کی چین برآمد کر لی۔

یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں کہ جب ممبئی پولیس نے نگلی ہوئی قیمتی اشیاءکو پیٹ سے نکالنے کےلئے کیلے کھلانے کاحربہ استعمال کیا ہو۔گزشتہ سال اپریل میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ایک چور نے 60ہزار روپے مالیت کی سونے کی چین کو نگل لیا جسے برآمد کرنے لئے چور کو پانچ درجن کیلے کھلائے گئے اور یوں و ہ چین برآمد کی گئی۔ جولائی میں ایک چور نے 30ہزار روپے مالیت کا منگل سوتر نگل لیا تھا جسے دو درجن کیلے کھلا کر برآمد کیا گیا۔




قیمتی مال کی برآمدگی،ممبئی پولیس نے چور کو زبردستی 48کیلے کھلا دیئے

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.