17 مارچ 2016
وقت اشاعت: 12:16
فیس بک کے بانی کے اثاثے ،چند منٹ میں اربوں ڈالر بڑھ گئے
نیویارک....... سوشل میڈیا کی دنیا میں راج کرنے والے فیس بک کے بانی زکر برگ کی دولت میں دن دگنی رات چوگنی ترقی ہو رہی ہے۔ جمعرات کو بین الاقوامی سٹاک مارکیٹ میں زکر برگ کی دولت میں صرف چند منٹ میں چار ارب850 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد وہ امریکا کے چوتھے اور پوری دنیا کے چھٹے صاحب ثروت شخص بن گئے ہیں۔
مسکراتے چہرے کے ساتھ 32 سالہ زکر برگ جو اب بھی طالب علم ہی لگتے ہیں۔انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا توکسی اور کو کیا خود انہیں بھی اندازہ نہیں تھا کہ انہوں نے جس راستے کا انتخاب کیا ہے وہ انہیں انتہائی تیزی سے دولت اور شہرت کی اس معراج پر پہنچا دے گا۔
سینڈ وچ برگر، فرائی فنگر چپس اور کوکا کولا جینز کی پینٹ پہننے والے زکربرگ کی پسندیدہ خوراک تھی۔ پچھلے چھ برسوں سے بلا تعطل اس کی دولت میں فی منٹ چودہ ہزار ڈالر کا اضافہ ہو رہا ہے۔
مشاہیر دولت مند شخصیات کی باقاعدگی سے فہرست شائع کرنے والے جریدہ فوربز نے اپنی مارچ کی اشاعت میں زکربرگ کا نام اس بار ایک نئے نمبر کے ساتھ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پچھلے سال دسمبر میں اپنی بیٹی میکس کی پیدائش کے وقت 99 فی صد دولت خیرات کرنے کا اعلان کرنے والے زکربرگ اب امریکا کے چوتھے اور پوری دنیا کے چھٹے امیر ترین شخص ہوں گے۔