7 جون 2013
وقت اشاعت: 13:3
لاہور میں خسرہ کے مرض میں مبتلا مزید 2 بچے چل بسے
لاہور…لاہور میں خسرہ کے مرض میں مبتلا مزید 2 بچے چل بسے ،پنجاب میں گذشتہ چھ ماہ کے دوران خسرہسے اموات کی تعداد ایک سو چوالیس جبکہ لاہورمیں اسی ہو گئی۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں خسرہ کی وباء کو پھیلے چھ ماہ گزر گئے،محکمہ صحت پنجاب کے دعووں کے باوجود خسرہ قابو میں نہیں آ رہا۔ کئی پھول سے بچوں کو مسلنے کے بعد بھی موت بانٹنے پر تلا ہوا ۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خسرہ میں مبتلامزید 2 بچے اسپتالوں میں چل بسے ۔حافظ آباد کی ایک سالہ سبتو نے چلڈرن اسپتال میں دم توڑ دیا۔10 ماہ کا حسن علی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق پنجاب میں 6 ماہ کے دوران خسرہ کے ہاتھوں اموات کی تعداد 144 تک جا پہنچی ۔ لاہور میں اس عرصے میں 80 بچے موت کی بانہوں میں جھول گئے ۔پنجاب میں خسرہ سے متاثرہونے والے بچوں کی تعداد 16ہزار 419 جبکہ لاہور میں یہ تعداد 4 ہزار 940 ہے،گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں وباء سے متاثرہ 195 بچے جبکہ لاہور میں 19 لائے گئے۔