27 جون 2013
وقت اشاعت: 17:58
پنجاب: خسرہ نے مزید 2 بچوں کی جان لے لی، تعداد 180 ہوگئی
لاہور … خسرہ نے مزید 2 بچوں کی جان لے لی، جس کے بعد پنجاب میں خسرہ سے اموات کی تعداد 180 ہوگئی، صوبے میں خسرہ کیخلاف مہم جاری ہے تاہم وباء سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے صوبے کے بارہ اضلاع میں خسرہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے تاہم وباء قابو میں نہیں آ رہی۔ خسرہ سے جاں بحق ہونے والے بچوں میں ایک کا تعلق خانیوال جبکہ دوسرے کا راولپنڈی سے ہے، اس سال پنجاب میں خسرہ سے مرنے والے بچوں کی تعداد 180 ہو گئی جبکہ لاہور میں اب تک 84 بچے موت کا لقمہ بن چکے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق انسداد خسرہ مہم کے تیسرے روز تک 12 اضلاع میں 43 لاکھ 9 ہزار 688 بچوں کو وباء سے بچاوٴ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں خسرہ میں مبتلا مزید 182 بچے جبکہ لاہور میں 22 بچے اسپتالوں میں لائے گئے، پنجاب میں متاثرہ بچوں کی تعداد 19 ہزار 932 تک جا پہنچی ہے۔