22 مارچ 2015
وقت اشاعت: 23:33
لاہور: تھیلسیمیا میں مبتلا ننھی بہنیں یوم پاکستان پر پُرجوش
لاہور.......... 23مارچ 1940 کا سورج برصغیر کے مسلمانوں کے لیے حیات نو کی امید لے کر ابھرا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج 75 برس بعد بھی اس دن کو ملی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔ ہر پاکستانی کی طرح لاہور میں تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا دو ننھی بہنیں بھی یوم پاکستان پر بہت پرجوش ہیں۔ یہ ہیں نشاط کالونی کی ننھی بہنیں حور اور ماحیرا، تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا ان بہنوں کو پل پل خون کی ضرورت رہتی ہے۔ مرض کی تکلیف اپنی جگہ، لیکن دل دھڑکتے ہیں تو صرف پاکستان کے لیے اور زباں پر بھی ملی نغموں کے بول۔ والدہ کی بھی یہی خواہش کہ حور اور ماحیرا پڑھ لکھ کر اپنی منزل کو پہنچیں اور دنیا میں پاک وطن کا نام روشن کریں۔ دوسری جماعت کی طالبات یہ بہنیں ملک کے روشن مستقبل کے لیے کچھ کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔ ان ننھی پریوں کا جذبہ مثال ہے ہر بچے بڑے کے لیے کہ وہ پاکستان سے ہیں اور ان سے پاکستان ہے۔