تازہ ترین سرخیاں
 صحت 
10 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 9:48

بارشیں، عالمی ادارہ صحت کا انسدادپولیو مہم موٴخر کرنے کا فیصلہ

کراچی… عالمی ادارہ صحت نے سندھ میں بارشوں کے باعث پولیو کے خلاف مہم موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم کراچی میں پولیو مہم متاثر نہیں ہوگی۔ عالمی ادارہ صحت نے بارشوں کے باعث پنجاب کے چار اضلاع میں بھی پولیو مہم موخر کردی ۔ عالمی ادارہ صحت کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ سندھ میں ہونے والی بارشوں کے باعث پولیو کے خلاف مہم موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ میں پولیو کے خلاف مہم پیر سے شروع ہونا تھی۔ ذرائع کے مطابق مہم موخر ہونے سے سندھ کے 20 لاکھ بچے پولیو کے قطروں سے محروم رہیں گے، ذرائع کے مطابق مہم موخر ہونے سے پولیو، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں پولیو مہم متاثر نہیں ہو گی تاہم گڈاپ اور سہراب گوٹھ میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث پولیو مہم معطل رہے گی، ذرائع کے مطابق 2010 میں بھی سندھ میں سیلاب کے باعث پولیو مہم موخر کی گئی تھی جس کی وجہ سے 88بچے پولیو کا شکارہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق بارشوں کی وجہ سے پولیو وائرس کھڑے پانی میں زیادہ پروان چڑھتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب کے چار اضلاع میں بھی پولیو مہم موخر کی گئی ہے ان اضلاع میں مظفرگڑھ اور ڈیرہ غازی خان ،راجن پور اور لیہ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے ان اضلاع میں تین لاکھ بچے پولیو کے قطروں سے محروم رہ جائیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.