19 نومبر 2012
وقت اشاعت: 13:49
کوئٹہ میں ہڑتالی ڈاکٹروں کو دی گئی مہلت ختم ،کارروائی شروع
کوئٹہ…حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کو دیا جانے والا 24/ گھنٹے کا الٹی میٹم ختم ہوگیا ہے اور ڈیوٹیز پر نہ آنے والے ہڑتالی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ،اسی سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے سیٹ لائٹ ٹاوٴن میں2نجی کلینکس کو سیل کردیا ہے۔بلوچستان حکومت نے 60سے زائدہڑتالی ڈاکٹروں کوشوکازنوٹس جا ری کر دیئے ہیں جبکہ 200 سے زائد ڈاکٹروں کو شو کاز نوٹس جاری کئے جائیں گے دوسری فوجی ڈاکٹروں کو طلب کرنے کیلئے ریکوزیشن بجھوائی جائے گی۔ پرائیویٹ اسپتال ریگولیٹری اتھارٹی کو نجی اسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کاجنرل باڈی اجلاس بھی کل طلب کر لیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر نے سنڈیمن اسپتال،بولان میڈیکل کمپلیکس کیلئے فوج کے ڈاکٹرزطلب کرلیے ہیں۔