1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:5
کراچی : ایم کیو ایم کے تین کارکنان جاں بحق
اے آر وائی - کراچی : کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کے تین کارکنان جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا ۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے معین آباد تھانے کی حدود میں واقع مہاجر چوک پر مسلح موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کے تین کارکنان حبیب ، وقاص اور ظہیر جاں بحق جبکہ عرفان شدید زخمی ہو گیا ۔ واقعہ کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ایم کیو ایم کے رابطہ کمیٹی کے عہدیداران اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثاءبھی پہنچ گئے ۔
اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین وسیم آفتاب اور واسع جلیل نے وہاں موجود صحافیوں کو بتایا کہ جاں بحق افراد کا تعلق ان کی جماعت سے ہے جو اورنگی ٹاؤن میں تنظیمی سرگرمیوں میں مصروف تھے کہ ان پر فائرنگ کر دی گئی ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کوفی الفور کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔