1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:6
بلوچستان میں بجلی کا بحران شدید،پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی
اے آر وائی - کوئٹہ : بلوچستان میں بجلی بحران شدت اختیارکرگیا ہے۔صوبے کو آٹھ سو دس میگاواٹ بجلی کی کمی کاسامنا ہے اور بجلی کی بندش کے باعث اکثرعلاقے پانی سے محروم ہوگئے ہیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ کوئٹہ میں مختلف اوقات میں آٹھ گھنٹے۔ صوبے کے دیگر ضلعی ہیڈکوارٹرز میں سولہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے بائیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
کیسکو حکام کے مطابق حبیب اللہ کوسٹل پاور میں گیس کی بند ش کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ طویل لوڈشیڈنگ کے باعث زمیندار اور تاجر طبقہ شدید متاثر ہوا۔ بجلی کی بندش سے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ شہریوں کی طرف سے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔